وزیراعظم ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کیلئے دبئی پہنچ گئے

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر دبئی پہنچ گئے جہاں سالانہ ساتویں عالمی اجلاس 'ورلڈ گورنمنٹ سمٹ' میں خطاب کریں گے۔ وزیراعظم کو دورے کی دعوت شیخ محمد بن راشد المکتوم نے دی، ان کا طیارہ دبئی کے رائل ٹرمینل پر اُترا تو ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النہیان نے استقبال کیا۔ وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر عشرت حسین بھی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار بخاری بھی وزیراعطم کے ہمراہ ہیں۔ ‏وزیراعظم ساتویں عالمی حکومتی اجلاس سے خطاب بھی کریں گے اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر روشنی ڈالیں گے۔ دبئی میں منعقد حکومتوں کے بارے میں عالمی سربراہ اجلاس 3 روز تک جاری رہے گا جس میں 140 ممالک سے 4,000 سے زائد ممتاز شخصیات شریک ہیں۔ اجلاس میں کئی ممالک کے سربراہان مملکت اور 30 بین الاقوامی تنظیموں کے اعلی حکام بھی شرکت کر رہے ہیں۔وزیر اعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق عمران خان شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کر رہے ہیں اور اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم خطاب کے دوران مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے وژن پر روشنی ڈالیں گے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے بعد وزیر اعظم عمران خان آئی ایم ایف سربراہ سے بھی ملاقات کریں گے جس سے ان کے مؤقف سمجھنے کا موقع ملے گا اور ہمیں بھی اپنا موقف پیش کرنے کا موقع ملے گا۔