وزیراعظم ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کیلئے آج دبئی روانہ ہوں گے

اسلام آباد : (کوہ نور نیوز) وزیراعظم عمران خان سالانہ ساتویں عالمی اجلاس ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کرنے کے لیے آج دبئی روانہ ہوں گے۔ وزیر اعظم عمران خان آج سالانہ عالمی اجلاس ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کے لیے ایک روزہ دورے پر دوپہر میں دبئی پہنچیں گے جہاں وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ وزیر اعظم کے ہمراہ وزیر خزانہ اسد عمر اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری بھی ورلڈ گورنمنٹ سمٹ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ دبئی میں منعقد حکومتوں کے بارے میں عالمی سربراہ اجلاس 3 روز تک جاری رہے گا جس میں 140 ممالک سے 4,000 سے زائد ممتاز شخصیات شریک ہیں۔ سمٹ اجلاس میں سربراہان مملکت اور 30 بین الاقوامی تنظیموں کے اعلی حکام بھی شرکت کر رہے ہیں۔وزیر اعظم آفس کے اعلامیہ کے مطابق عمران خان شیخ محمد بن راشد المکتوم کی دعوت پر ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں شرکت کر رہے ہیں اور اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیر اعظم خطاب کے دوران مضبوط اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے وژن پر روشنی ڈالیں گے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے مطابق ورلڈ گورنمنٹ سمٹ کے بعد وزیر اعظم عمران خان آئی ایم ایف سربراہ سے بھی ملاقات کریں گے جس سے ان کے مؤقف سمجھنے کا موقع ملے گا اور ہمیں بھی اپنا موقف پیش کرنے کا موقع ملے گا۔