رنویرسنگھ نے مداحوں کوزخمی کرنے پرمعافی مانگ لی

ممبئی: (کوہ نور نیوز) ناموربالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نے ہجوم پر چھلانگ لگا کر مداحوں کو زخمی کرنے پر معافی مانگ لی۔ گزشتہ روز رنویر سنگھ اپنی فلم ’’گلی بوائے‘‘ کی تشہیر کے دوران گانا گاتے ہوئے اتنے پرجوش ہوگئے تھے کہ ہجوم پر چھلانگ لگا بیٹھے، ہجوم میں موجود افراد ان کے اس عمل کے لیے تیار نہیں تھے لہٰذا رنویر کے اس عمل سے کئی مداح زخمی ہوگئے۔ مداحوں پراچانک چھلانگ لگانے پررنویر سنگھ کو گزشتہ روز سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور لوگوں نے انہیں بڑا ہونے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ رنویر کو اب بچپنا چھوڑکرسمجھدار ہوجانا چاہیے۔تاہم جہاں سوشل میڈیا صارفین نے رنویرمخالف ٹوئٹس کیں وہیں رنویر کے مداحوں نے انہیں بھرپور سپورٹ کیا۔ رنویر کے چند مداحوں نے انہیں وہ تمام ٹوئٹس بھیجیں جن میں سوشل میڈیا صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پررنویر نے فوراً جوابی ٹوئٹ کی اور گزشتہ روز ہونے والے واقعے پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تمام مداحوں سے معافی مانگی۔ رنویر نے شرمندہ ہوتے ہوئے لکھا کہ انہیں اپنی غلطی کا احساس ہے اس کے ساتھ ہی رنویرنے انہیں سپورٹ کرنے والے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔