تیسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان ویمن ٹیم کا ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 151 رنز کا ہدف

کراچی: (کوہ نور نیوز) پاکستان ویمن ٹیم نے مہمان ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جیت کے لیے 151 رنز کا ہدف دیا ہے۔ کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ پاکستان کی جانب سے ندا ڈار 53 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں جب کہ عالیہ ریاض نے شاندار 24 رنز ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی، امیمہ سہیل 28، جویریہ خان 10، کپتان بسمہ معروف 19 اور ارم جاوید 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ ویسٹ انڈیز کی کرشما ریمہیرک نے 2، شکیرا سلیمان اور فلائے فلیچر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مہمان ٹیم کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پہلا اور دوسرا دونوں ٹی ٹوئنٹی میچ مہمان ویسٹ انڈیز ٹیم کے نام رہا۔ پہلے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم کو 71 رنز کے بڑے مارجن سے شکست ہوئی جب کہ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد میچ ٹائی ہوا، فیصلہ سُپر اوور میں ہوا جس میں ویسٹ انڈیز نے کامیابی حاصل کی۔