پانچواں ون ڈے: جنوبی افریقا کا پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

کیپ ٹاؤن: (کوہ نور نیوز) جنوبی افریقا نے 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے فائنل میں ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔ آخری ون ڈے میں میزبان ٹیم سیریز اپنے نام کرنے کا عزم لیے میدان میں اتری ہے جبکہ شعیب ملک کی قیادت میں قومی ٹیم ٹرافی کے حصول کی خواہاں ہے۔ ٹاس جیتنے کے بعد جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈوپلیسی کا کہنا تھا کہ آج کا میچ ہمارے لیے چیلنج ہے اور ٹیم کا بیٹنگ اور بالنگ کمبی نیشن اچھا ہے۔ دوسری جانب پاکستانی کپتان شعیب ملک کا کہنا تھا کہ یہ ہمارے لیے پریشر گیم اور ’ڈو اور ڈائی‘ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے، لیکن نمی کے باعث فرق پڑسکتا ہے۔ سیریز کے آخری اور فائنل ٹاکرے کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ٹیم امام الحق، فخر زمان، بابراعظم، محمد حفیظ، کپتان شعیب ملک، محمد رضوان، شاداب خان، عماد وسیم، محمد عامر، عثمان خان شنواری اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔ اسی طرح میزبان جنوبی افریقی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں اور ڈیوڈ ملر اور بیرن ہینڈرکس کی جگہ ویان ملڈر اور وائن پریٹوریئس کو شامل کیا گیا ہے۔ اس طرح جنوبی افریقی اسکواڈ میں کوئنٹن ڈی کوک، ہاشم آملہ، ریسی وین ڈر ڈوسین، کپتان فاف ڈوپلیسی،، ریزا ہینڈرکس، ایندلے فیلوک وایو، کگیسو رابادا، ڈیل اسٹین، عمران طاہر،ویان ملڈر اور وائن پریٹوریئس شامل ہیں۔ واضح رہے کہ نیولینڈ کی پچز اکثر اسپن بولروں کے لیے کارآمد ہوتی ہیں اور گزشتہ چند روز کے دوران درجہ حرارت میں اضافے کے بعد پچ سے سلو بولروں کو مزید فائدہ مل سکتا ہے تاہم دونوں ٹیموں کے کپتان پرامید ہیں کہ کیپ ٹاؤن کی پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہوگی۔