سعودی عرب کا پاکستان میں سب سے بڑی سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد / گوادر: (کوہ نور نیوز) سعودی وزیر پیٹرولیم شہزادہ خالد بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ سعودیہ عرب پاکستان میں سب سے بڑی سرمایہ کاری کرے گا، پاکستان اور سعودی عرب خطے کے لیے اہمیت کے حامل ممالک ہیں۔سعودی وزیر پٹرولیم و توانائی خالد بن عبدالعزیز نے وفد کے ہمراہ گوادر کا دورہ کیا جہاں گوادر ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور اور وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ سعودی وزیر پٹرولیم شہزادہ خالد بن عبدالعزیز نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں تاریخ کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کرے گا۔ دریں اثنا گوادر میں چائنہ بزنس کمپلکس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں جی پی اے کے چیئرمین دوستین خان جمالدینی اورجی ڈی اے کے ڈی جی ڈاکٹرسجاد بلوچ نے وفد کو گوادر پورٹ اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ شہزادہ خالد بن عبدالعزیز نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب خطے کے امن اور استحکام کے لیے اہمیت کے حامل ممالک ہیں۔ وزیر پٹرولیم غلام سرور خان نے کہا کہ سعودی عرب کو پاکستان میں ایگریکلچر میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہیں، پاکستان اور سعودیہ گوادر میں آئل سٹی کے قیام کے لیے اگلے ماہ معاہدے پر دستخط کریں گے۔