نواز شریف سے جیل میں ملاقات کا دن، لیگی رہنما کوٹ لکھپت پہنچ گئے

لاہور: (کوہ نور نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف سے جیل میں ملاقات کے لیے لیگی رہنماؤں اور کارکنان کی بڑی تعداد کوٹ لکھپت پہنچ گئی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور کارکن کوٹ لکھپت جیل کے باہر پہنچنا شروع ہوگئے جہاں وہ آج نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔ کارکنوں نے کوٹ لکھپت جیل کے باہر پارٹی قیادت کے حق میں نعرے بازی کی جب کہ اس موقع پر لیگی رہنما مشاہد اللہ خان، خواجہ آصف، رانا ثناء اللہ، ملک ندیم کامران، منشاء اللہ بٹ، عثمان ابراہیم، ماجد ظہور اور دیگر موجود تھے۔ جعمرات کا دن نواز شریف سے جیل میں ملاقات کے لیے مختص ہے، اور آج اُن کے اہلخانہ، لیگی رہنما اور ملاقاتیوں کی فہرست میں شامل افراد ہی ملاقات کر سکیں گے۔ یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں سات سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں جو العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو انہیں سنائی تھی۔