آسٹریلیا میں اژدہے نے مینڈکوں کو خود پر سوارکرکے انہیں بچالیا

ملبورن: (کوہ نور نیوز) آسٹریلیا میں رات کے دوسرے پہر ایک کسان نے عجیب منظر دیکھا کہ ایک اژدہا کئی مینڈکوں (ٹوڈز) کو سوار کراکے انہیں کسی محفوظ جگہ لے جارہا ہے۔ خیال ہے کہ اس علاقے میں آنے والے شدید سیلاب سے ان مینڈکوں کے گھروں (کھو) میں پانی بھر گیا تھا اور انہوں نے وہاں سے نکلنے کےلیے اژدہے کی خدمات حاصل کی تھیں۔ کسان پال موک کے مطابق اس کے کھیت میں ہزاروں مینڈک پائے جاتے ہیں۔پال کے مطابق یہ اژدہا اس کا دیکھا بھالا ہے اوراس سے قبل ایک چھوٹے کینگرو کو سالم نگل چکا ہے۔ کسان نے دیکھا کہ رات کے ڈیڑھ بجے بارش کے پانی کی وجہ سے ہزاروں مینڈک محفوظ اونچے مقامات کی تلاش میں تھے کہ اس نےاژدہے کی پیٹھ پرمزے سے بیٹھے کئی کین مینڈک دیکھے اوراژدہا ان کے لیے ٹرانسپورٹ کا کام کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا تھا۔ واضح رہے کہ برسات کا یہ موسم مینڈکوں کے ملاپ اورنسل خیزی کا دور بھی ہے۔زیتونی نسل کا اژدہا اگرچہ مینڈکوں کوکھاتا ہے لیکن اس منظرمیں اسے کسی مینڈک کو کھاتے ہوئے نہیں دیکھا گیا۔ پال کا خیال ہے کہ شاید پہلے یہ بہت سے مینڈکوں کوکھا کرپیٹ بھرچکا ہے اوراس کے بعد باقی مینڈکوں کو لے کر محفوظ مقام تک گیا ہے۔