لیجنڈ اداکارقادرخان طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

ممبئی: (کوہ نور نیوز) بالی ووڈ اداکار قادر خان 81 برس کی عمر میں کینیڈا میں انتقال کر گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق قادرخان گزشتہ کئی برس سے اپنے بیٹے کے ساتھ کینیڈا میں رہ رہے تھے، شدید علالت کے باعث انہوں نے گزشتہ کئی دنوں سے بات چیت بھی بند کردی تھی اورانہیں سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا تھا جس کے باعث وہ کینیڈا کے اسپتال میں زیرعلاج تھے اورانہیں وینٹی لیٹرپررکھا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور81 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ قادرخان کے بیٹے سرفرازنے چند روز قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ گزشتہ برس ان کے گٹھنے کا بھی آپریشن ہوا تھا لیکن آپریشن کے بعد سے ہی ان کی حالت خراب ہوتی چلی گئی۔ واضح رہے کہ 81 سالہ اداکار قادر خان نے اپنے 43 سالہ بالی ووڈ کیریئر میں 300 فلموں میں کام کیا ہے اور250 فلموں میں مکالمے لکھے ہیں۔ انہوں نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ منفی کردار بھی بخوبی نبھائے ہیں۔