انڈونیشیا میں سونامی سے ہلاکتوں کی تعداد 168 ہوگئی، سیکڑوں زخمی

جکارتہ: (کوہ نور نیوز) انڈونیشیا کے جزیرے سماٹرا میں خوفناک سونامی سے ہلاک افراد کی تعداد 168 تک پہنچ گئی جب کہ 500 سے زائد زخمی ہیں۔ انڈونیشین ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق سونامی آتش فشاں پھٹنے سے زیر آب لینڈ سلائیڈنگ کے سبب آیا جس سے پینڈگلنگ، سیرانگ اور جنوبی لمپنگ کے علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق سونامی نے جزیرہ سماٹرا میں تباہی مچادی جب کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے جب کہ اموات کی تعداد 168 تک پہنچ گئی۔ انڈونیشین ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ سونامی سے متعدد عمارتوں کو نقصان پہنچا اور کئی افراد لاپتہ ہیں جن کے لیے ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ انڈونیشین ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان سٹوپو پرواؤ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں مٹی تلے اب بھی کئی افراد موجود ہیں جہاں سونامی سے کئی میٹر گہرے گھڑے پڑ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ رواں برس اکتوبر میں بھی انڈونیشیا زلزلے اور سونامی سے متاثر ہوا تھا جس کی وجہ سے اموات کی تعداد 1558 تک پہنچ گئی تھی۔