پریانکا اور نک جونس کی شادی کی آخری استقبالیہ تقریب میں ستاروں کے جلوے

ممبئی: (کوہ نور نیوز) بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا اور امریکی گلوکار نک جونس کی شادی کی تمام تقریبات اختتام پذیر ہوگئی ہیں۔ گزشتہ روز ممبئی کے تاج لینڈز ہوٹل میں پریانکا اور نک جونس کی شادی کی آخری استقبالیہ تقریب میں بالی وڈ فلمی ستاروں سمیت نامور شخصیات شریک ہوئیں۔پریانکا اور نک جونس دونوں نے فلمی ستاروں کے ساتھ خوب انجوائے کیا جب کہ اداکارہ نے اپنے مقبول گانے ’دیسی گرل‘ پر بھی نک جونس کے ساتھ خوب رقص کیا۔ استقبالیہ تقریب میں کاجول، روینا ٹنڈن، سلمان خان، اے آر رحمان، ریکھا، کارتک آریان، جانھوی کپور، سارہ علی خان، ودیا بالن، ایشا تاکیا، عائشہ بھوسلے، تشار کپور، انوشکا شرما اور دیگر ستاروں نے شرکت کر کے تقریب کو چار چاند لگائے۔ نوبیاہتا جوڑا دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ نے ایک دوسرے کے ساتھ میچنگ کرتے ہوئے سیاہ رنگ کے ملبوسات زیب تن کیے اور مداحوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔ رنویر اور دپیکا نے نک جونس اور پریانکا چوپڑا کے ساتھ بھی فلم باجی راؤ مستانی کے گانے پر رقص کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ استقبالیہ تقریب میں شاہد کپور نے بھی اپنی اہلیہ میرا راجپوت کے ساتھ شرکت کی جن کا پریانکا کے ساتھ معاشقہ بھی رہ چکا ہے۔