نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست دیکر سیریز اپنے نام کر لی

ابوظہبی: (کوہ نور نیوز) شیخ زاید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ کے آخری روز نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کی تو قومی ٹیم کو جیت کے لیے 280 رنز کا ہدف ملا۔ گرین کیپس کی جانب سے امام الحق اور محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اور 19 کے مجموعی اسکور پر حفیظ 8 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اظہر علی کریز پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے اور 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ بعدازاں حارث سہیل 9، اسد شفیق صفر، امام الحق 22 اور کپتان سرفراز احمد 28، بلال آصف 12 اور یاسر شاہ 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بابراعظم نے کیوی بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت دکھائی اور 51 رنز بنا کر اعجاز پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حسن علی تھے جو 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح پوری پاکستانی ٹیم 156 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور نیوزی لینڈ نے میچ 123 رنز سے جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے سومرویلے، اعجاز پٹیل اور ٹم ساؤتھی نے 3،3 جب کہ گرینڈہوم ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل پانچویں روز کا کھیل شروع ہوا تو پہلی ہی گیند پر حسن علی نے کیوی کپتان کین ولیمسن کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، انہوں نے 139 رنز کی اننگز کھیلی۔ کریز پر پہلے سے موجود ہینری نکولس اور گرینڈ ہوم نے چھٹی وکٹ پر 62 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 334 تک پہنچا تو گرینڈ ہوم 26 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ساتویں آؤٹ ہونے والے بلے باز واٹلنگ تھے جنہیں یاسر شاہ نے بولڈ کیا، کیویز نے اننگز ڈکلئیر کی تو ہینری نکولس 126 اور ٹم ساؤتھی 15 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 4، شاہین آفریدی 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔ یاد رہے کہ پہلی اننگز میں نیوزی لینڈ نے 274 اور پاکستان نے 348 رنز بنائے تھے۔