شوگر ملز ایسوسی ایشن نے گنے کی کرشنگ شروع کرنے کا اعلان کردیا

لاہور: (کوہ نور نیوز) پنجاب حکومت کی جانب سے رقم کی ادائیگی کی یقین دہانی کے بعد شوگر ملز ایسوسی ایشن نے گنے کی کرشنگ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ شوگرملز ایسوسی ایشن کےمطابق پنجاب حکومت نے 2 ارب 80 کروڑ روپے ادا کرنے کا اعلان کیا ہے اور بقایاجات کی ادائیگیوں کی یقین دہانی کے بعد ملیں چلارہے ہیں۔ شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہناہےکہ کاشتکاروں کو گنے کی پوری قیمت ادا کریں گے اور کسی کسان کا استحصال نہیں ہوگا۔ شوگر ملز نے 180 روپے فی من کے حساب سے گنا خریدنے کا بھی اعلان کیا ہے جس کی قیمت کاشتکاروں کو 15 دن بعد ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔ واضح رہےکہ حکومت کی جانب سے بقایا جات کی عدم ادائیگی کے باعث گنے کی کرشنگ میں تاخیر ہوئی جب کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے اشتہارات کے ذریعے بھی حکومت سے رقوم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں شوگر ملوں کو سبسڈی کی مد میں زیرالتوا واجبات کی ادائیگی کی منظوری دی گئی۔