پسند کی شادی کرنے والا رکشہ ڈرائیور ہم شکل بہنوں کے چکر ميں عدالت پہنچ گيا

لاہور : (کوہ نور نیوز) پسند کی شادی کرنے والا رکشہ ڈرائیور ہم شکل بہنوں کے چکر ميں پھنس گيا، پولیس بھی چکرا گئی، بیوی کی بازیابی کے لئے عدالت میں درخواست دے دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں اپنی نوعیت کا ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا ہے، رکشہ ڈرائیور کے ساتھ فلمی سین ہوگیا، پسند کی شادی کرنے والے لاہور کے رہائشی رکشہ ڈرائیور آصف نے اپنی بیوی کی بازیابی کے لئے ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔اس نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ صبا نامی لڑکی سے جان پہچان پیار میں بدل گئی تھی، جس کے بعد صبا سے پسند کی شادی کی۔ آصف کا کہنا ہے کہ میری بیوی ناراض ہوکر گھر چلی گئی ہے، بیوی کی زندگی کو خطرہ ہے، اس کے گھر والے پسند کی شادی کے الزام میں کہیں اسے قتل نہ کردیں، رکشہ ڈرائیور نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت میری بیوی صبا کو بازیاب کرانے کا حکم دے۔ لاہور ہائی کورٹ نے درخواست گزار کو فیروز والا عدالت سے رجوع کا حکم دے دیا۔ قبل ازیں حبس بےجا کی درخواست پر جب پولیس صبا کو بازیاب کرانے پہنچی تو اس کی جگہ اس کی ہم شکل بہن کرن کو لے آئی تھی۔