ٹیسٹ کرکٹ میں تیزترین 200 وکٹیں: یاسر شاہ نے 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

ابوظہبی: (کوہ نور نیوز) لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کا 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی تو ان کی 200 وکٹیں مکمل ہوئیں اور اس طرح انہوں نے آسٹریلوی لیگ اسپنر کلیری گرمٹ کا 1936 میں 36 ٹیسٹ میچز میں بنایا گیا 200 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ یاسر شاہ نے 33 میچز میں 200 وکٹیں حاصل کیں اور اس طرح وہ پہلے بولر ہیں جنہوں نے تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کیں۔ بھارت کے روی چندرن ایشون نے 37، وقار یونس اور ڈینس للی نے 38 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ یاد رہے کہ یاسر شاہ نے 22 اکتوبر 2014 کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 4 سال، ڈیڑھ ماہ کے کیریئر میں انہوں نے 200 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ نے تین مرتبہ 10 وکٹیں اور ایک اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو 16 مرتبہ آؤٹ کیا جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے کیرئیر کی بہترین بولنگ تھی۔