ابوظہبی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

ابوظہبی : (کوہ نور نیوز) ابوظہبی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کی پاکستان کے خلاف بیٹنگ جاری ہے۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 26 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو کپتان کین ولیمسن 14 اور سومرویلے ایک رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ کھیل کے تیسرے روز پاکستان کی پوری ٹیم 348 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی جس کے بعد نیوزی لینڈ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنر جیت راول بغیر کوئی رن بنائے شاہین شاہ کا شکار بنے جب کہ 24 کے مجموعی اسکور پر ٹام لیتھم 10 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ کم ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بنانے سے ایک وکٹ دوری پر ہیں، وہ اب تک 33 میچز میں 199 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل آسٹریلوی لیگ اسپنر کلیری گرمٹ نے 1936 میں 36 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں مکمل کی تھیں۔