قیام امن کے لیے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعظم

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں قیام امن کے لیے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔کوہ نور نیوزکے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جارہا ہے۔ اجلاس میں موجودہ حکومت کے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں سیکیورٹی آف پاکستان ایکٹ کے تحت 5 خطرناک افراد رسول خان، وسیم اختر، حفیظ الیاس، مشتاق اور ساجد علی کو تحویل میں رکھنے، چیئرمین ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی تقرری، ارکان پارلیمان و عوام کے لئے ٹیکس ڈائریکٹری 2017 شائع کرنے کے علاوہ برطانیہ اور آئرلینڈ کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کی منظوری بھی شامل ہے۔ اجلاس کے آغاز پر کابینہ نے مولانا سمیع الحق کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی، وزیر اعظم نے کہا کہ مولانا سمیع الحق کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ملک میں قیام امن کے لیے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔