ایوان نمائندگان میں کم نشستیں جیتنے کے باوجود ٹرمپ جیت کے شادیانے بجانے لگے

واشنگٹن: (کوہ نور نیوز) امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ایوان نمائندگان کی 435 میں سے 222 نشستیں ڈیموکریٹس نے جیت لیں لیکن اس کے باوجود امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سوشل میڈیا پر اپنی جیت کے گن گاتے پھر رہے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ 105 سالہ تاریخ میں وسط مدتی انتخابات میں سینیٹ میں صرف 5 امریکی صدور نے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اپنی تعریف کرتے ہوئے مزید لکھا کہ مسٹر ٹرمپ ایک جاوگر ہے، وہ ایک زبردست ووٹ حاصل کرنے والا اور کمپینر ہے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ ریپبلکنز غیر یقینی حد تک خوش قسمت ہیں کہ انھیں ٹرمپ جیسا رہنما ملا۔ ٹرمپ نے لکھا کہ پورا میڈیا ان کے خلاف تھا جو روز ان پر حملے کرتا رہا لیکن اس کے باوجود انہوں نے زبردست کامیابی حاصل کی۔ امریکی صدر نے میڈیا کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ اگر کوئی سیاسی پنڈت اور تجزیہ کار ہمیں ہماری جیت کا کریڈٹ نہ دے تو صرف دو الفاظ یاد رکھنا، 'فیک نیوز'۔.