نیوزی لینڈ کا پاکستان کو جیتنے کیلئے 267 رنز کا ہدف

ابوظہبی: (کوہ نور نیوز) نیوزی لینڈ نے ابوظہبی میں کھیلے جا رہے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کو جیتنے کے لیے 267 رنز کا ہدف دیا ہے۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں کیویز کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کولن منرو اور جارج وارکر نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں بلے بازوں نے 13 رنز جوڑے تو جارج وارکر ایک رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ نیوزی لینڈ کی دوسری وکٹ 36 جب کہ تیسری وکٹ 78 رنز کے مجموعے پر گری۔ کیویز وکٹ کیپر ٹام لیتھم اور راس ٹیلر نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 130 رنز بنائے اور اسکور 208 رنز تک پہنچا دیا۔ اس موقع پر محسوس ہو رہا تھا کہ نیوزی لینڈ باآسانی 300 رنز کا ہندسہ عبور کر لے گی لیکن ٹام لیتھم 41 ویں اوور کی دوسری گیند پر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ اسی اوور میں شاداب نے نئے آنے والے ہنری نیکولز اور کولن ڈی گرینڈھوم کو آوٹ کردیا۔ نیوزی لینڈ کی ساتویں وکٹ 210 رنز پر اس وقت گری جب راس ٹیلر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ مہمان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 252 اور نویں 254 رنز پر گری لیکن آخری وکٹ آخری 7 گیندوں پر 12 رنز کا اضافہ کیا اور مجموعے کو 266 تک پہنچا دیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور شاداب خان نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد وسیم ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ یاد رہے کہ پاکستان نے تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نیوزی لینڈ کو وائٹ واش کیا تھا۔