کراچی کے دو حلقوں میں ضمنی الیکشنز کل ہوں گے

کراچی: (کوہ نور نیوز) شہر قائد میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست پر کل ضمنی انتخاب کا معرکہ سجے گا۔ این اے 247 اور پی ایس 111 میں ضمنی انتخاب کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔ پولیس، رینجرز اور فوج کی نگرانی میں پولنگ کا سامان عملے کے حوالے کئے جانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔ رات گئے تک متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک بیلٹ پیپرز اور باکسز کی ترسیل کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ حلقہ این اے 247 سے ڈاکٹر عارف علوی جب کہ پی ایس 111 سے عمران اسماعیل نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم ڈاکٹر عارف علوی کے صدر مملکت منتخب ہونے اور عمران اسماعیل کے گورنر سندھ بننے کے بعد یہ دونوں نشستیں خالی ہوگئی ہیں۔ این اے 247 پر تحریک انصاف کے آفتاب صدیقی، ایم کیوایم کے صادق افتخار، پیپلزپارٹی کے قیصر نظامانی اور پی ایس پی کے ارشد وہرہ کے درمیان مقابلہ ہے۔ پی ایس 111 پر تحریک انصاف کے شہزاد قریشی، ایم کیوایم کے جہانزیب مغل، پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ اور پی ایس پی کے یاسرالدین میدان میں ہیں۔ این اے247 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 451 اور پی ایس 111 میں ایک لاکھ 78 ہزار 965 ہے۔ این اے 247 میں پولنگ کے لئے 240 جبکہ پی ایس 111 کے لئے 80 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں۔۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مجموعی طورپر 800 افراد پر مشتمل انتخابی عملہ پولنگ کے دوران فرائض سرانجام دے گا۔ ان میں 80 پریذائیڈنگ افسران، 320 پولنگ افسران ، 320 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران شامل ہیں۔