سپریم جوڈیشل کونسل کی جسٹس شوکت عزیز صدیقی کوعہدے سے ہٹانے کی سفارش

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) سپریم جوڈیشل کونسل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینیئر ترین جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کوعہدہ سے ہٹانے کی سفارش کردی ہے اور اس حوالے سے کونسل نے اپنی سفارش صدر مملکت کو بھی ارسال کردی ہے۔ صدر مملکت کو بھجوائی گئی سفارش میں جسٹس شوکت عزیز صدیقی پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے عدلیہ مخالف تقریر کی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اداروں کے خلاف تقریر کی تھی۔ واضح رہے کہ رواں برس جولائی میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے خفیہ ایجنسی پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ خوف و جبر کی فضا کی ذمہ دار عدلیہ بھی ہے جب کہ میڈیا والے بھی گھٹنے ٹیک چکے ہیں اور سچ نہیں بتا سکتے، میڈیا کی آزادی بھی بندوق کی نوک پر سلب ہو چکی ہے۔