دبئی ٹیسٹ میں پاکستان کی آسٹریلیا کیخلاف فتح کی جانب پیش قدمی

دبئی: (کوہ نور نیوز) دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کے 462 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنالیے اور اسے جیت کے لیے مزید 326 رنز درکار ہیں۔ آج ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز کھیلا کا آغاز عثمان خواجہ 50 اور ٹریوس ہیڈ 34 رنز کے ساتھ دوبارہ کریں گے،آسٹریلیا کو جیتنے کے لیے مزید 326 رنز درکار ہیں اور اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔ دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 461 رنز بنا کر اننگز ڈکلئیر کی تو دن کے اختتام تک آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنائے تھے۔ محمد عباس نے آسٹریلیا کی دوسری اننگز کے 30 اوور میں پہلے ایرون فنچ کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر شان مارش کو بھی وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ ایرون فنچ نے 49 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ شان مارش اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔ محمد عباس نے اپنے اگلے اوور میں مچل مارش کو بھی صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔