دنیا کے سب سے بڑے تھری ڈی پرنٹر سے فوجی بیرک کی تعمیر

الینوئے: (کوہ نور نیوز) کسی بھی فوج کو آپریشن کے دوران فوری سکونت کےلیے بیرک نما جگہ درکار ہوتی ہے اور تھری ڈی پرنٹر سے ’’کم خرچ بالا نشین‘‘ کے تحت قلیل وقت میں فوجی بیرک بنا کر سپاہیوں کی مدد کی جاسکتی ہے۔ عسکری بیرک کا یہ نمونہ امریکی ریاست الینوئے کے شہر شیمپین میں بنایا گیا ہے۔ ایم سی ایس سی نے عسکری انجینئر کی مدد سے یہ بیرک بنائی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اگر لکڑی سے یہ بیرک بنائی جائے تو اس کے لیے 10 فوجیوں کو مسلسل پانچ دن تک کام کرنا پڑتا تھا جبکہ روبوٹ نے یہ کام صرف دو روز میں مکمل کیا اور ایک کنکریٹ بیرک تیار کرلی۔اس بڑے تھری ڈی پرنٹر کے نلکی نما نوزل سے سیمنٹ خارج ہوتا ہے اور متحرک پلیٹ فارم سے ہموار انداز میں دیواریں بنائی جاتی ہیں تاہم کھڑکیاں اور چھت فوجی انجینئرز کو خود بنانا پڑیں گی۔ اس طرح کم افرادی قوت کے ساتھ مؤثر انداز میں بیرک، مکانات اور دفاتر تعمیر کیے جاسکتے ہیں۔ فوجی بیرک کے علاوہ تھری ڈی پرنٹر قدرتی آفات اور حادثات کی صورت میں فوری طور پر کم خرچ مکانات کی تعمیر میں استعمال کیے جاسکتے ہیں۔