وزیرِاعلی پنجاب کی دوڑ میں تحریک انصاف آگے، تعداد 142 ہو گئی

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین پنجاب میں حکومت سازی کیلئے تیزی سے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 2 آزاد رکن قومی اسمبلی اور 3 ایم پی ایز نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی۔ این اے 97 بھکر سے ثنا اللہ مستی خیل اور این اے 166بہاولنگر سے غفار وٹو پی ٹی آئی میں شامل ہوئے جبکہ پی پی 89 سے امیر محمد خان، پی پی 90 سے سعید اکبر نوانی اور پی پی 237 فدا حسین بھی کھلاڑی بن گئے۔ دوسری جانب تحریکِ انصاف کی جانب سے وزیرِاعلیٰ پنجاب کے لیے چھ امیدواروں کے نام سامنے آ گئے ہیں۔ عبدالعلیم خان، یاسمین راشد، شاہ محمود قریشی ، محمود الرشید، میاں اسلم اقبال اور فواد چودھری اس عہدے کے مضبوط امیدوار ہیں۔ خیال رہے گزشتہ روز بھی پنجاب سے 3 ارکان جہانگیر ترین اور رائے حسن نواز کے ہمراہ بنی گالہ پہنچے اور کپتان کے قافلے میں شمولیت کا اعلان کیا۔ نئے شامل ہونے والے ارکان میں فیصل آباد سے اجمل چیمہ اور ملک عمر فاروق جبکہ مظفرگڑھ سے عبدالحئی تھے۔ اس سے قبل پی پی 46 کے آزاد امیدوار پیر سید الحسن اور پی پی 7 کے کامیاب امید وار راجہ صغیر بھی پی ٹی آئی کا حصہ بن چکے ہیں۔