سنجے دت کی نئی فلم کا ٹیزر جاری

ممبئی: (کوہ نور نیوز) بالی ووڈ میں 90 کی دہائی سے لاکھوں دلوں پر راج کرنے والے سنجے دت کو مختلف انداز کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں الگ ہی مقام حاصل ہے جب کہ سنجے دت کی زندگی خاصی گھمبیر رہی ہے اور نہ صرف ان کے فلمی کیریئر بلکہ حقیقی زندگی میں بھی کئی اتار چڑھاؤ آتے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ بالی ووڈ کے نامور ہدایت کار راجکمار ہیرانی ان کی زندگی پر فلم بنارہے ہیں لیکن ایسے میں خود سنجے دت بھی متعدد فلموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں اور ان کی نئی فلم ’صاحب بیوی اور گینگسٹر تھری‘ کا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق معروف اداکار سنجے دت نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی نئی فلم ’ صاحب ،بیوی اور گینگسٹر تھری‘ کا موشن ٹیزر جاری کردیا جس میں سنجے دت ہاتھ میں پسٹل لئے بیٹھے اور ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’جی ہاں میں ہوں کھل نائیک اور اب بن گیا ہوں گینگسٹر‘۔ تگمنشو دھولیا کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ ’صاحب ،بیوی اور گینگسٹرکے تیسرے سیکوئل میں سنجے دت کے ہمراہ مرکزی کردار ادا کرنے والے معروف اداکار جمی شیرگل کا کہنا ہے کہ سنجے دت کے ساتھ میری چوتھی فلم ہے جس میں ہم نے کام کے دوران بہت انجوائے کیا اور میرے خیال سے یہ فلم باقی فلموں سے زیادہ کمال کرے گی جب کہ اس فلم کی سیریز میں صاحب اور بیوی اب تک یکساں ہیں لیکن گینگسڑ تسلسل سے بدل رہا ہے۔ واضح رہے کہ ایکشن اور سسپینس سے بھرپور فلم ’ صاحب ،بیوی اور گینگسٹرتھری‘ میں سنجے دت کے مد مقابل جمی شیرگل، کبیر بیدی، دیپک تجوری اور نفیسہ علی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی جب کہ فلم 27 جولائی کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔