شدید بیمار اور لندن میں علاج کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوسکنے والے اسحاق ڈار اس وقت کس حال میں ہیں ؟

لندن (کوہ نور نیوز) سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں اپنی بیماری کا علاج کرانے کیلئے گزشتہ کئی ماہ سے مقیم ہیں اور اسی وجہ سے وہ عدالت میں پیش ہونے سے بھی قاصر ہیں لیکن اب لندن سے ان کی ایک ایسی ویڈیو سامنے آگئی ہے کہ سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچ گیا ہے۔ لندن سے سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نواز شریف میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں اور بیگم کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کر ر ہے ہیں۔ اسی دوران کلینک کے اندر سے اسحاق ڈار نمودار ہوئے اور صحافیوں سے نظر بچا کر سائڈ سے ہو کر نکلنے لگے تو ایک صحافی کی ان پر نظر پڑ گئی اور اس نے اپنا کیمرہ نواز شریف سے ہٹا کر اسحاق ڈار کی طرف کردیا۔ اسحاق ڈار موقع سے نکلنے لگے تو صحافی نے ان کا پیچھا کرنا شروع کردیا اور ان سے سلام دعا کرنے کے بعد طبیعت کا پوچھا تو سابق وزیر خزانہ نے ہاتھ کے اشارے سے صحافی کو نواز شریف کی کوریج کرنے کا کہا۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں اسحاق ڈار بطور وفاقی وزیر خزانہ لندن اپنا علاج کرانے گئے تھے اور اس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا، اسی دوران وہ دوبارہ سینیٹر بھی منتخب ہوگئے لیکن وہ ایوان بالا کے واحد نمائندے ہیں جنہوں نے ابھی تک حلف نہیں اٹھایا۔ عدالت نے انہیں کئی بار نیب ریفرنسز سمیت سینیٹ الیکشن کے حوالے سے کیس میں عدالت طلب کیا لیکن اسحاق ڈار کی جانب سے ہر بار عدالت کو بیماری کے بارے میں آگاہ کیا جاتا رہا۔