چودھری نثار کا ن لیگ کے ٹکٹ پر الیکشن نہ لڑنے کا اعلان

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق چودھری نثار علی خان نے آزاد حیثیت میں انتخاب 2018ء کے میدان میں اترنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اڈیالہ روڈ پر کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ٹکٹ سیاسی یتیموں کو دے دیئے ہیں، میں آزاد الیکشن لڑوں گا، اب زیادہ محنت کی ضرورت ہے۔ چودھری نثار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں 10 جبکہ ن لیگ میں 100 سے بھی زائد خامیاں ہیں۔ عورت راج کے مخالف نے آج اپنی بیٹی پارٹی پر مسلط کر دی ہے۔ میں نے منہ کھولا تو یہ شریف کہیں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، مجھے 34 سال کی رفاقت کا خیال آ جاتا ہے۔ اس موقع پر کارکنوں نے چودھری نثار سے پی ٹی آئی میں شمولیت سے متعلق سوال پوچھا تو انہوں نے کہا کہ آپ الیکشن پر توجہ دیں، بہتر فیصلہ کروں گا۔