اداکارہ انجلینا جولی کی آج 43 ویں سالگرہ ہے

لاہور: (کوہ نور نیوز) ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی چار جون انیس سو پچھہتر کو لاس اینجلس میں پیدا ہوئیں، انجلینا نے اپنے کیرئر کا آغاز بطور چائلڈ سٹار 1982 میں فلم لکنگ ٹو گیٹ آؤٹ سے کیا جس میں ان کے والد نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انیس سو ننانوے میں فلم گرل انٹررپٹڈ میں ایک نفسیاتی مریضہ کا کردار ادا کرنے پر انہوں نے بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ حاصل کیا۔ دو ہزار ایک کی ایکشن فلم لارا کرافٹ، ٹومب ریڈر نے انجیلنا کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا، دو ہزار پانچ میں ریلیز فلم مسٹر اینڈ مسز سمتھ میں اداکار بریڈ پٹ کے ساتھ ان کی جوڑی بہت مقبول ہوئی۔ فلم سے شروع ہونے والی دوستی محبت میں بدل گئی لیکن گیارہ برس کی رفاقت ستمبر دو ہزار سولہ میں طلاق پر ختم ہوئی۔ وانٹڈ، سالٹ، اے مائٹی ہارٹ ،چینج لنگ اور میل ایفیشنٹ ان کی کامیاب فلموں میں شامل ہیں۔ انجلینا کو دو ہزار بارہ میں اقوام متحدہ کی جانب سے خصوصی سفیر برائے مہاجرین نامزد کیا گیا۔