عمران خان 87 دن بعد ملک کے وزیر اعظم ہوں گے، مراد سعید

اسلام آباد: (کوہ نور نیوز) ان خیالات کا اظہار مراد سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا پاکستان میں تبدیلی کا سورج طلوع ہوچکا ہے، وزیر اعظم بنتے ہی 200 ارب ڈالر عمران خان واپس لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص دیوانہ ہوگیا ہے، بھارتی زبان بول رہا ہے، خیال رہے کہ ان کا اشارہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے اس بیان کی طرف تھا جو انھوں نے ایک انٹرویو میں ممبئی حملوں کے حوالے سے دیا تھا۔ مراد سعید کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو ایک ہی خوف ہے کہ چوری پکڑی گئی تو جیل جانا پڑے گا، جب ان کی تلاشی ہوئی توایک ایک کی جیب سے اربوں برآمد ہوتے رہے۔ پی ٹی آئی کے رہنما کا کہنا تھا کہ میں نے تو پہلے ہی بتادیا تھا کہ عمران خان وزیر اعظم بنیں گے، 87 دن بعد پاکستان میں خوش حالی ہی خوش حالی ہوگی۔ مراد سعید نے کہا 30 ارب کی چوری پکڑی گئی، جندال کو پاکستان بلایا گیا۔ یاد رہے سجن جندال بھارتی کاروباری شخصیت ہیں جنھوں نے پاکستان آکر نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔