وزیراعلی پنجاب نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کا افتتاح کردیا

لاہور: (کوہ نور نیوز) لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کی آزمائشی سروس کی افتتاحی تقریب میں چین کے قونصل جنرل، وزرا اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے اسلام پارک کے اسٹیشن سے میٹرو ٹرین کا فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا اور اسی اسٹیشن سے ٹرین پر سوار ہوئے۔ شہباز شریف نے آزمائشی سروس کے آغاز پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رکاوٹیں کھڑی نہ کرتی تو لاکھوں شہری ٹرین پر سفر کررہے ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عام آدمی کا منصوبہ ہے لیکن پی ٹی آئی کی وجہ سے اس منصوبے میں بے پناہ تاخیر ہوئی۔ اورنج ٹرین کے آزمائشی سفر کے لیے مختلف اسٹیشنز کو سجا گیا ہے اور ٹریک کے اطرف رنگا رنگ پودے رکھے گئے ہیں جو دلکش منظر پیش کررہے ہیں۔ اورنج ٹرین منصوبے کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ اس سے قبل 26 فروری کو ٹرین آزمائشی طور پر چلائی گئی تھی تاہم اس وقت سفر بہت محدود تھا تاہم آج ہونے والے آزمائشی ٹرائل میں ٹرین 11 کلو میٹر سفر طے کرے گی۔ ٹرین کے کرائے سے متعلق خواجہ احمد حسان نے بتایا کہ اس حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ اورنج ٹرین منصوبے کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے چیئرمین کا مزید کہنا ہے کہ منصوبے کا 90 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور ہائیکورٹ کے سامنے انڈر گراؤنڈ اسٹیشن کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔