گوگل فوٹو ایڈیٹر سے بلیک اینڈ وائٹ تصاویر کو رنگین کرنا بہت آسان

نیویارک: (کوہ نور نیوز) اس کے علاوہ اب ازخود کولاج، اینی میشن فلم، اسٹائلش تصاویر بنانے کا آپشن بھی شامل کیا جارہا ہے۔ تصویر کے نیچے آپشنز رکھے جائیں گے جن میں روشنی بڑھانے، تصویر گھمانے سمیت دیگر اہم فیچرز ممکن ہوں گے۔ ان تبدیلیوں کا اعلان گوگل کی آئی او ڈیویلپر کانفرنس میں کیا گیا ہے جس میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس کا کردار بہت اہم ہوگا اور اسے مرکزی انٹرفیس پر رکھا جائے گا۔ گوگل فوٹو کے پروجیکٹ سربراہ ڈیو لائب کہتے ہیں، ’ہمارے ٹولز کے ذریعے روزانہ 5 ارب تصاویر ایڈٹ کی جاتی ہیں اور لوگ انہیں بہت پسند کرتے ہیں۔‘ گوگل امیج ایڈیٹر میں بعض تبدیلیوں کو ایک کلک سے بہتر بنانے کے آپشن بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس میں شامل ایک ٹول کے ذریعے فوٹو میں موجود شخص کے ساتھ اس کی نئی تصویر شیئر کی جاسکتی ہے۔ ایک اور آپشن کلر پوپ کا بھی ہے جو پس منظر کے مقابلے میں تصویر کے اس حصے کو واضح کردیتا ہے جبکہ بیک گراؤنڈ کو گہرا یا سیاہ کردیتا ہے۔ بلیک اینڈ وائٹ تصویر میں رنگ بھرنا آسان : گوگل امیج ایڈیٹر میں ’کلرائز‘ ٹول اس ہفتے پیش کیا جارہا ہے جو آپ کی نایاب بلیک اینڈ وائٹ تصاویر کو بہت خوبصورتی اور مہارت سے رنگین بنادے گا۔ اس کے لیے گوگل ماہرین نے کمپیوٹر وژن اور مصنوعی ذہانت سے مدد لی ہے۔ کئی طرح کی آزمائش کے بعد اب یہ ٹول گوگل کی جانب سے پیش کیا جائے گا۔ نیورل نیٹ ورک تصویر میں ہر جگہ کی مناسبت سے رنگ بھرتا ہے۔ اگر سیاہ و سفید تصویر میں گھاس ہے تو سبز ہوجائے گی۔ انسانی چہرے پر بال سیاہ اور لباس پر اسی مناسبت سے رنگ شامل کرنا ممکن ہوگا۔