نیب نے امریکا کے لیے نامزد سفیر علی جہانگیر صدیقی کو دوبارہ طلب کرلیا

لاہور: (کوہ نور نیوز) تفصیلات کے مطابق نیب لاہور نے علی جہانگیر صدیقی کو پہلے بھی کرپشن کے الزامات میں پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا جس پر وہ بائیس مارچ کو نیب آفس میں پیش ہوئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے علی جہانگیر صدیقی سے ان کے اثاثوں کی تفصیلات مانگی گئی تھیں اور اس سلسلے میں انھیں دو صفحات پر مشتمل سوال نامہ دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مشیر وزیر اعظم علی جہانگیر صدیقی نے ابھی تک سوال نامے کا جواب جمع نہیں کرایا ہے، جس پر انھیں صبح دس بجے نیب کمپلیکس میں دوبارہ طلب کرلیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ علی جہانگیر صدیقی پر چالیس ارب روپے کرپشن کا الزام ہے، ذرائع کے مطابق ان کی کمپنیاں اسٹاک مارکیٹ میں کرپشن میں ملوث پائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ان پر انسائڈر ٹریڈنگ کا بھی الزام ہے۔ واضح رہے کہ علی جہانگیر صدیقی پر اپنی کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت میں بے ضابطگی کا الزام ہے اور ان کے خلاف منی لانڈرنگ اور انسائڈر ٹریڈنگ کے سلسلے میں انکوائری ہوری ہے۔