کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا سے دوری کی وجہ بتادی

ممبئی: (کوہ نور نیوز) بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے انٹرنیٹ سے دوری کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ میری نظر میں سوشل میڈیا کا استعمال وقت کا ضیاع ہے۔ تفصیلات کے مطابق انٹرنیٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان کو مدنظر رکھتے ہوئے تقریباً تمام ہی معروف شخصیات سوشل میڈیا پر موجود ہیں اور وہ اسی کے ذریعے اپنے مداحوں سے وقتاً فوقتاً رابطے میں رہتی ہیں۔ بالی وڈ اداکار ہوں یا پھر کوئی بھی معروف شخصیت اپنی روز مرہ کے معمول اور دیگر نئی چیزوں کو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرتے ہیں جنہیں مداح بہت پسند بھی کرتے ہیں اور بعض اوقات تو یہ عام سی تصاویر وائرل بھی ہوجاتی ہیں۔ حیران کُن طور پر کنگنا رناوت کی سوشل میڈیا پر کوئی بھی آئی ڈی موجود نہیں اور اب بالی ووڈ اداکارہ نے خود اس کی وجہ بھی بیان کردی ہے۔ بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کنگنا رناوت کا کہنا تھاکہ ’ویسے تو سوشل میڈیا سے میری دوری کی کئی وجوہات ہیں تاہم میرے نزدیک سب سے اہم وجہ یہ ہے کہ انٹرنیٹ کا استعمال وقت کا ضیاع ہے‘۔ اُن کا کہنا تھا کہ ’بہت ساری کمپنیز اور لوگ اپنی پروڈکٹس کی تشہیر کے لیے میرا سہارا لینا چاہتے ہیں تاہم وہ اس وجہ سے بھی میرے ساتھ کام نہیں کرتے کہ میں سوشل میڈیا پر موجود نہیں ہوں‘۔