عائشہ خان پیا گھر سدھار گئیں

معروف پاکستانی اداکارہ عائشہ خان رشتہ ازدواج میں بندھ گئیں۔ ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئیں اور لوگوں نے تصاویر کو بے حد پسند کیا۔ عائشہ خان کی شادی کی تقریبات میں شوبز کی شخصیات کو مدعو نہیں کیا گیا تاہم ان کے بہترین دوست حمزہ علی عباسی ہر تقریب میں موجود تھے اور بارات کے موقع پر گوہر رشید بھی دکھائی دیے۔ بارات کے موقع پر عائشہ خان نے پیچ رنگ کا خوبصورت شرارہ زیب تن کیا جبکہ ان کے دلہا میجر عقبہ آف وائٹ رنگ کی شیروانی میں ملبوس تھے۔ خیال رہے کہ سنہ 2003 میں ڈرامہ سیریل ’تم یہی کہنا‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی عائشہ خان نے متعدد ٹی وی ڈراموں اور فلموں میں کام کیا۔ چند روز قبل انہوں نے اچانک شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا تاہم انہوں نے اس کی کوئی وجہ نہیں بتائی تھی۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی منگنی کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں سے اپنے منگیتر کی تصاویر شیئر کی تھیں۔ عائشہ خان کے منگیتر میجر عقبہ ملک پاک فوج کے ایک سینئر افسر ہیں اور انہیں برطانوی ملٹری اکیڈمی سینڈ ہرسٹ میں تربیت دینے والے پہلے پاکستانی فوجی افسر کا اعزاز بھی حاصل ہے۔