کامن ویلتھ گیمز میں ہاکی ٹیم سے وابستہ توقعات پوری نہیں ہوئیں، چیف سلیکٹر

کراچی: (کوہ نور نیوز) قومی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اور اپنے دور کے عظیم کھلاڑی اولمپئن اصلاح الدین صدیقی نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمزمیں پاکستان ہاکی ٹیم توقعات پر پورا نہیں اتری، اسے ایونٹ کی پہلی 4 ٹیموں میں شامل ہونا چاہیے تھا تاہم یہ امر خوش کن ہے کہ پاکستان کوگیمز میں کسی میچ میں شکست کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اصلاح الدین نے کہا کہ مجھے توقع تھی کہ پاکستان ہاکی ایونٹ میں کم ازکم پہلی 4 ٹیموں میں شامل ہونے میں کامیاب رہے گا لیکن بدقسمتی آڑھے آگئی، تاہم یہ اچھی بات رہی کہ قومی ٹیم اپنے گروپ میچز میں شکست سے دور رہی اور اس نے حریف ٹیموں کے خلاف تمام میچز برابر کھیلے، خاص طور پر روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستان نے شاندار کھیل پیش کرکے اپنے بہتر مستقبل کی نشاندہی کی لیکن پاکستان کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں مد مقابل ویلز کو ضرور شکست سے دوچار کرنا چاہیے تھا۔ چیف سلیکٹر نے کہا کہ پول بی میں انگلینڈ کے بعد ملائیشیا کی مضبوط ٹیم سے بھی میچ برابر کھیلنے سے پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعتماد میں ضرور اضافہ ہوگا اور اگلے مقابلوں میں فتح کے لیے زیادہ جوش اور ولولے کے ساتھ میدان میں اترے گی۔