ہانگ کانگ:(ویب ڈیسک) چین کے آخری شہنشاہ کی ملکیت والی پیٹیک فلپ کی کلائی گھڑی ہانگ کانگ میں ایک نیلامی میں چھ ملین ڈالر سے زیادہ میں فروخت ہوئی ہے۔ Ref 96 Quantieme Lune گھڑی جو چاند کی طرح کے تاج سے مزین ہے ، اصل میں ایسن گیورو پوئی کی ملکیت تھی، وہ جو کنگ شاہی خاندان کے آخری بادشاہ تھے۔ دو سال کی عمر میں 1908 میں وہ بادشاہ بنا لیکن جلد ہی اسے برطرف کردیا گیا۔ اس کو جاپان نے اپنے مقبوضہ منچوریا میں 20 سال تک بطور کٹھ پتلی بادشاہ تعینات کیے رکھا لیکن 1945 میں اسے گرفتار کرکے سوویت یونین کی جیل میں بھیج دیا گیا۔ برطانوی نیلام گھر فلپس نے کہا کہ اس کے پاس ایسی دستاویزات ہیں جن سے پتہ چلتا ہے کہ مسٹر پوئی اپنے ساتھ یہ گھڑی کیمپ لے کر آئے تھے۔ اس سے تقریباً تین ملین ڈالر ملنے کی امید تھی لیکن تقریباً پانچ منٹ کی پرجوش بولی کے بعد اسے 40 ملین ہانگ کانگ ڈالر (5.1 ملین امریکی ڈالر) میں فروخت کر دیا گیا۔ خریدار کی پریمیم فیس کے ساتھ گھڑی کی کل قیمت تقریباً 6.2 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔
