جے پور:(ویب ڈیسک) بھارتی ریاست راجستھان میں موسلا دھار بارش اور تیز ہواؤں کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، کئی گھروں کو نقصان پہنچا اور بجلی کے کئی کھمبے بھی گر گئے۔ اسی موسم کے دوران جودھ پور شہر سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں موٹر سائیکل سوار تین افراد پر درخت گرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ مختصر کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اچانک گرنے والا درخت موٹر سائییکل سواروں کو تقریباً کچل کر رکھ دیتا ہے۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق تینوں آدمی درخت کے بڑے حصے کے نیچے دب گئے۔ حیران پریشان راہگیر فوری طور پر ان کی مدد کے لیے دوڑے۔ کچھ لوگ شاخ کو ہٹاتے اور لڑکوں کو اٹھاتے نظر آتے ہیں۔ انہیں مقامی ہسپتال لے جایا گیا اور مختصر علاج کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا۔ تینوں افراد کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق راجستھان کے کچھ حصوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔ نجی موسم کی پیشن گوئی کرنے والے اسکائی میٹ نے اجمیر، باڑمیر، بھیلواڑہ، بیکانیر، جیسلمیر، جالور، جودھ پور، ناگور، پالی اور راجسمند کے کچھ مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ گرد آلود طوفان اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی وارننگ دی ہے۔
