شنگھائی میں اتنی زیادہ گرمی کہ 100 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا

شنگھائی:(ویب ڈیسک) چین کے شہر شنگھائی کی موسمیاتی سروس کا کہنا ہے کہ پیر کو شہر میں اتنی زیادہ گرمی پڑی کہ اس نے 100 سالوں میں مئی کے سب سے گرم دن کا ریکارڈ توڑ دیا۔ موسمیاتی سروس کے آفیشل ویبو اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ میں لکھا گیا کہ دوپہر ایک بج کر نو منٹ پر درجہ حرارت 36.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو مئی میں 100 سالوں میں ریکارڈ ہونے والا سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ گلوبل وارمنگ منفی موسم کو بڑھا رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے بین الحکومتی پینل آن کلائمیٹ چینج کی ایک حالیہ رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ 'گلوبل وارمنگ کا ہر اضافہ متعدد اور ایک ساتھ ہونے والے خطرات کو تیز کرے گا'۔ خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق مشرقی چینی شہر کے لیے موسمیاتی سروس نے بتایا کہ بعد میں دوپہر کے وقت وسطی شنگھائی میں میٹرو سٹیشن پر درجہ حرارت اور بھی بڑھ کر 36.7 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔ اس سے پہلے چار مرتبہ شہر میں 35.7 ڈگری درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا تھا لیکن کل اس سے ایک ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ گرمی پڑی۔