نیٹ فلکس پاس ورڈ شیئر نگ روکنے کیلئے جلد کریک ڈاؤن شروع کرے گا

لاہور: (کوہ نورنیوز،ویب ڈیسک) دنیا بھر میں مقبول ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس 2023 کی پہلی سہ ماہی کے اختتام پر مختلف ممالک میں اکاؤنٹ پاس ورڈ شیئر نگ روکنے کیلئے کریک ڈاؤن شروع کرے گا۔ سٹریمنگ پلیٹ فارم کی جانب سے چند ممالک میں اس پر کام کیا جا رہا ہے اور اس حوالے سے مختلف فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں، کمپنی نے پہلی بار وضاحت جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ کیسے ایک اکاؤنٹ کو مختلف افراد کے استعمال سے روکا جائے گا۔ نیٹ فلکس کے ایف اے کیو پیج میں اس حوالے سے تفصیلات دی گئی ہیں، جس میں انکشاف کیا گیا کہ گھر کے علاوہ کسی دوسری جگہ پر رہنے والے افراد پرائمری لوکیشن کے اکاؤنٹ کو دیگر مقامات پر اسٹریمنگ مواد دیکھنے کیلئے استعمال نہیں کرسکیں گے۔ ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم نے استعمال کا طریقہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹ فلکس اکاؤنٹ کو اب صرف گھر کے اندر شیئر کرنا ممکن ہو گا، اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ آپ کی ڈیوائسز گھر کے وائی فائی سے منسلک ہوں، اکاؤنٹ پاسورڈ کیلئے صارفین کو پرائمری لوکیشن کے وائی فائی سے کنکٹ کرنے کا کہا جائے گا۔ ایک جگہ پر 31 دنوں میں کم از کم ایک بار ڈیوائسز پر نیٹ فلکس ایپ یا ویب سائٹ کو اوپن کرنا لازمی ہو گا، یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ گھر سے باہر کے کسی فرد سے اکاؤنٹ شیئر کرنا ممکن ہوگا یا نہیں تو اسکا جواب ہے اب ممکن نہیں ہوگا، ایک اکاؤنٹ کو بس گھر کے اندر ہی استعمال کیا جاسکے گا۔ نیٹ فلکس کے مطابق جو فرد کسی مختلف جگہ پر غیر متعلقہ ڈیوائس سے اکاؤنٹ اوپن کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کی سروس تک رسائی روک دی جائے گی، گھر سے باہر اکاؤنٹ کی تفصیلات شیئر کرنے پر خودکار طور پر اضافی فیس بھی نہیں لی جائے گی۔ ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم نے مزید بتایا ہے کہ گھر سے باہر کسی نئی ڈیوائس پر نیٹ فلکس پر سائن ان ہونے پر صارفین کی سہولت کیلئے ایک نیا طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا، صارفین کو سائن ان کرتے ہوئے ایک عارضی کوڈ دینے کی درخواست کی جائے گی، جس کے بعد 7 دن تک گھر سے باہر اکاؤنٹ تک رسائی مل جائے گی۔