بھارت میں شیڈول ورلڈکپ ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے بہت چیلنجز کا سامنا ہے:بٹلر

لندن: (ویب ڈیسک) انگلینڈ کے وائٹ بال ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا ہے کہ بھارت میں شیڈول 50 اوورز کے ورلڈ کپ کے ٹائٹل کا دفاع کرنے کیلئے بہت چیلنجز کا سامنا ہے۔ انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ اکتوبر میں ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے صرف 13 ون ڈے شیڈول ہیں، ہماری ٹیم کے پاس سال 2019 کے مقابلے میں زیادہ "چیلنجز" ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل ٹیم کے پاس زیادہ میچز نہیں اس لیے کوشش ہے کہ کچھ پوزیشنز کو واضح کریں اور کھلاڑیوں کو اعتماد دیں۔ انگلش ٹیم کا جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ سے مقابلہ ہونا ہے اور اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ بٹلر فل سٹرینتھ ٹیم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز نیوزی لینڈ کی ٹیسٹ سیریز ختم ہونے کے محض ایک روز بعد شروع ہو گی جس کے باعث بین ڈکٹ، ول جیکس، ہیری بروک، اولی سٹون اور جو روٹ جیسے کھلاڑیوں کی شمولیت کے امکانات کم ہیں۔ خیال رہے کہ آئن مورگن کی قیادت سے دستبراری کے بعد جوز بٹلر کو انگلش ٹیم کی کمان سونپی گئی تھی۔