اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا

اسلام آباد: (کوہ نورنیوز) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس کل ہوگا جس میں آدم گیس فیلڈ سے تیل اور گیس کی تلاش کیلئے لیز کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں گدو کے مقام پر عمیر آئل فیلڈ کی ٹیسٹنگ کی درخواست پر توسیع کیلئے غور کیا جائے گا، جبکہ پی ایل ایل اور سوکار کے درمیان معاہدے کا فریم ورک بھی منظور کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈریپ سمری کے تحت 54 نئی ادویات کی قیمتوں کے تعین کی سمری منظور کی جائے گی، ڈریپ کی تجویز پر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری پر غور کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بندرگاہوں پر موجود گندم کی شپمنٹ کے انسپیکشن کی منظوری بھی دی جائے گی، جبکہ کابینہ ڈویژن کیلئے 3 ارب روپے کی تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی متوقع ہے۔ مزید برآں ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سمری پر سپریم کورٹ عمارت کی ضروری مرمت اور ججز کی رہائش گاہوں کی مرمت کیلئے بھی فنڈز کی منظوری کا امکان ہے۔