کراچی بلدیاتی انتخابات: پی ٹی آئی کے میئر کے امیدوار خرم شیر زمان کو شکست

کراچی: (کوہ نورنیوز) کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان یوسی چیئرمین کا الیکشن ہار گئے، اس طرح ان کی میئر بننے کی خواہش حتمی نتائج آنے سے پہلے ہی دم توڑ گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کراچی کے اہم رہنما اور رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کو پارٹی کی جانب سے شہر کے میئر کے امیدوار کی حیثیت سے دیکھا جارہا تھا۔ اس مقصد کے لیے خرم شیر زمان نے کراچی کے ضلع جنوبی میں صدر ٹاؤن کی یوسی 11 سے چیئرمین کا الیکشن بھی لڑا لیکن وہ شکست کھاگئے۔ خرم شیر زمان کو پیپلز پارٹی کے سید نجمی عالم کے ہاتھوں شکست ہوئی ہے۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق صدر ٹاؤن کی یوسی 11 سے پیپلز پارٹی کے سید نجمی عالم دو ہزار 696 ووٹ حاصل کرکے کامیاب قرار پائے ہیں۔