الیکشن کمیشن؛ ن لیگ کی آئندہ ماہ انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی یقین دہانی

اسلام آباد:(کوہ نورنیوز) مسلم لیگ ن نے الیکشن کمیشن نے آئندہ ماہ انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرادی۔ ممبر نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن میں انٹرا پارٹی انتخابات کے معاملے کی سماعت کی، جس میں ن لیگ کے وکیل سے سوال کیا گیا کہ آپ انٹرا پارٹی الیکشن کیوں نہیں کروا رہے؟۔ جواب فائل کریں جس میں انٹرا پارٹی الیکشن میں تاخیر کی وجوہات لکھی ہوں۔ ن لیگ کے وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ہم نے اس ہفتے پارٹی کا انٹرا پارٹی الیکشن کرانا تھا، لیکن وزیر اعظم کو کورونا ہو گیا۔ اب پارٹی کا 30 دسمبر کو یوم تاسیس اور مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس رکھا ہوا ہے۔ وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ 30 دسمبر کو لازمی انٹرا پارٹی الیکشن کرا لیں گے۔ الیکشن کمیشن نے وکیل کی جانب سے یقین دہانی کے بعد کیس کی آئندہ سماعت 5 جنوری تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ سماعت پر انٹرا پارٹی الیکشن نہ کروانے پر شہباز شریف اور احسن اقبال کو شو کاز نوٹس جاری کیا تھا۔