نواز شریف آئیں اور عمران خان کیساتھ ون آن ون مقابلہ کریں، پرویز خٹک کا چیلنج

نوشہرہ: (کوہ نورنیوز،ویب ڈیسک) سابق وزیر دفاع و پاکستان تحریک انصاف کے رہنما پرویز خٹک نے سابق وزیراعظم و مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو چیلنج دے دیا۔ نوشہرہ میں میڈیا سے گفتگو میں پرویز خٹک کا کہنا تھاکہ عمران خان کو صرف عوام ہی سیاست سے آؤٹ کرسکتے ہیں، جلد انتخابات کیلئے اتحادی حکومت سندھ اور بلوچستان اسمبلیاں تحلیل کردے، اگر ایسا ہو تو پی ٹی آئی بھی دونوں صوبوں کی اسمبلیاں توڑنے کو تیار ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں، سب ایک ڈرامہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فوج کی پی ٹی آئی کے ساتھ کوئی ناراضی نہیں ہے، حالات ایسے بنے تھے کہ سب سمجھ رہے تھے کہ عمران خان ختم ہوگیا، میرا خود اب بھی فوج کے ساتھ رابطہ ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ اتحادی حکومت پھنس گئی ہے یہ نہ حکومت چھوڑسکتے ہیں نہ چلاسکتےہیں۔ پرویز خٹک نے چیلنج دیا کہ نوازشریف کو واپس آنا چاہیے وہ جیل جائیں یا ضمانت کرائیں، نوازشریف واپس آئیں اور ون ٹو ون عمران خان کے ساتھ مقابلہ کریں۔