کامن ویلتھ گیمز، پاکستانی پہلوان چھا گئے، زمان انور اور انعام بٹ فائنل میں داخل

برمنگھم: (کوہ نورنیوز،ویب ڈیسک) کامن ویلتھ گیمز میں پاکستانی پہلوانوں کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے، انعام بٹ اور زمان انور فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔ زمان انور نے سیمی فائنل مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے پہلوان کو صرف ڈیڑھ منٹ میں شکست دیکر فائنل میں جگہ بنالی۔ اس سے قبل ریسلنگ کے مقابلے میں گوجرانوالہ کے پہلوان زمان انور نے 125 کلو ویٹ کیٹگری میں 12 صفر سے کشتی جیت لی، انہوں نے ماریشس کے پہلوان کو چاروں شانے چت کیا۔ گوجرانوالہ کے پہلوان انعام بٹ نے 86 کلو گرام فری سٹائل کیٹگری میں آسٹریلیا کے جیڈن لارنس کو شکست دیکر فائنل فور میں جگہ بنائی، سیمی فائنل میں انہوں نے جنوبی افریقہ کے ایڈورڈ لیسنگ کو شکست دیکر فیصلہ کن معرکے میں جگہ بنائی۔ قبل ازیں انعام بٹ نے سکاٹ لینڈ کے پہلوان کو شکست دیکر کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا، انعام پہلوان نے گیارہ پوائنٹ سے کشتی جیتی۔ ایک اور پاکستانی پہلوان عنایت اللہ نے 65 کلوگرام کیٹگری میں نائیجیریا کے ریسلر اماس ڈینیئل کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنائی تاہم انہیں فائنل فور کے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔