ق لیگ کی مرکزی مجلس عاملہ کا شجاعت حسین کی قیادت پر اظہار اعتماد

لاہور: (کوہ نورنیوز) مسلم لیگ ق کی مرکزی مجلس عاملہ نے چودھری شجاعت حسین کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کر دیا۔ پاکستان مسلم لیگ ق کی مرکزی مجلس کا اجلاس ہوا، اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق مسلم لیگ ق سندھ کے صدر، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے عہدیداران نے لاہور اجلاس سے اعلان لاتعلقی کیا، جبکہ کامل علی آغا اور لاہور اجلاس میں شریک افراد کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ اجلاس میں شجاعت حسین، طارق بشیر چیمہ کی غیرقانونی برطرفی کی شدید مذمت کی گئی۔ اعلامیے کے مطابق مسلم لیگ ق پنجاب کےجنرل سیکریٹری کامل علی آغا نے غیرقانونی اقدام اٹھایا، مرکزی مجلس عاملہ نے کامل علی آغا کی بنیادی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔ پنجاب کی تنظیم کے غیرقانونی اقدام کو چیلنج کرنے کے لیے قانونی ٹیم سے مشاورت کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کی تنظیم 10 اگست کو اجلاس بلانے کی مجاز نہیں، غیرقانونی اجلاس میں شرکت کرنے والوں کی پارٹی رکنیت معطل کر دی جائے گی۔