وزیر اعظم نے فضائی مسافروں سے 50 ہزارڈیوٹی وصول کرنے کا حکمنامہ معطل کردیا

اسلام آباد: (کوہ نورنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے مسافروں سے 50 ہزار فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر حکمنامہ معطل کرنے کے احکامات دے دیئے ہیں۔ وزیراعظم نے ہوائی اڈوں پر مسافروں سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کو تنگ کرنے کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ وزیراعظم نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی وصولی کی تحقیقات کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بغیر ‘ایف ای ڈی’ کی وصولی کیسے اور کیوں ہوئی؟۔ وزیر اعظم نے کہاہے کہ فی الفور تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ جن لوگوں کی وجہ سے مسافروں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑاانہیں عہدوں پر رہنے کا حق نہیں۔ جن مسافروں سے ایف ای ڈی وصول کی گئی ہے انہیں رقوم واپس کی جائیں۔ وزیراعظم نے اپنے احکامات پر فوری عمل درآمد اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرلی۔