پشاور زلمی نے برطانیہ اور یورپ میں ٹرائلز کا اعلان کردیا

پشاور: (کوہ نورنیوز،ویب ڈیسک) پی ایس ایل کی ٹیم پشاور زلمی نے نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے برطانیہ اور یورپ میں ٹرائلز کا اعلان کردیا۔ پشاور زلمی کے صدر اور سابق کپتان انضمام الحق کے مطابق پشاور زلمی پاکستان کے بعد بیرون ملک بھی چھپے ٹیلنٹ کو تلاش کرے گی، یہ برطانیہ اور یورپ میں مقیم پاکستانیوں اور کرکٹرز کے پاس صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پشاور زلمی کے اوورسیز کرکٹ ٹرائلز کا پہلا مرحلہ اٹھائیس جون سے بائیس جولائی تک برطانیہ کے مختلف شہروں میں ہوگا ۔ لندن، برمنگھم، لیسٹر، گلاسگو اور دیگر شہروں میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائیگا۔ اوور سیز ٹرائلز کے بعد بننے والی پشاور زلمی اوور سیز ٹیم رواں سال ‘کون بنے گا کے پی کا چیمپین ‘ ایونٹ میں شریک ہوگی۔ انضمام الحق، ہاشم آملہ، جیمز فوسٹر، محمد اکرم اور وہاب ریاض بیرون ملک پشاور زلمی ٹرائلز کاحصہ ہوں گے۔ دنیا کے پچیس ممالک میں پشاور زلمی کے گلوبل کلبز رجسٹر اور گلوبل زلمی کا حصہ ہیں۔