عاطف اسلم نے معذور بچے کے ہاتھ چوم کر مداحوں کا دل جیت لیا

کراچی: (کوہ نورنیوز،ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں گلوکار عاطف اسلم کو معذور مداح سے ملتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد دنیا بھر میں موجود ہے گلوکار اپنی نرم دلی، مداحوں کے لئے محبت اور ان سے بےحد پیار سے پیش آنے کی وجہ سے آئے دن سُرخیوں کا حصہ بنے رہتے ہیں۔ ان دنوں سوشل میڈیا پر عاطف اسلم کی ایک نئی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں عاطف کسی ایونٹ میں ایک معذور بچے (اسپیشل چائلڈ) سے ملتے دکھائی دے رہے ہیں، یہ ویڈیو عاطف اسلم کے فین پیج کی جانب سے اپ لوڈ کی گئی ہے۔ عاطف وہیل چئیر پر بیٹھے اپنے اس ننھے مداح سے ملنے کیلئے جھکتے ہیں اور اس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس سے محبت کا اظہار کرتے ہیں ساتھ ہی اس کا ہاتھ ماتھے سے لگا کر چومتے ہیں جس پر ہال تالیوں سے گونج اُٹھتا ہے۔ ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں صارفین گلوکار کے اس عمل کو خوب سراہتے ہوئے ان کی تعریف کر رہے ہیں یاد رہے کہ عاطف اسلم اپنے اس ہی رویے کی وجہ سے دنیا بھر میں بےحد پسند کیے جاتے ہیں اور آئے دن سوشل میڈیا پر ان کی مداحوں سے خصوصی انداز میں ملنے کی ویڈیوز وائرل ہوتی رہتی ہیں۔