اجازت نامےکے بغیر مکہ مکرمہ میں داخلے پر تاحکم ثانی پابندی عائد

ریاض: (کوہ نورنیوز،ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے اجازت نامےکے بغیر مکہ مکرمہ جانے پر آج سے تاحکم ثانی پابندی عائد کردی ہے۔ سعودی محکمہ امن عامہ کے مطابق مکہ مکرمہ میں داخل ہونےکے خواہشمند تمام افراد کو سکیورٹی کنٹرول سینٹرز پر روکا جائےگا اور جن کے پاس ضروری دستاویزات نہیں ہوں گی انہیں واپس کردیا جائےگا۔ سعودی حکام کے مطابق دیگر شہروں سے آنے والے صرف ان افرادکو مکہ مکرمہ میں داخلےکی اجازت ہوگی جن کے پاس عمرہ یا حج اجازت ناموں کے علاوہ متعلقہ اداروں سے جاری ہونے والا اجازت نامہ ہوگا جس سے ثابت ہوتا ہوکہ وہ مکہ مکرمہ میں ملازمت کرتے ہیں یا پھر ان کا اقامہ مکہ مکرمہ سے جاری شدہ ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق حکام کی جانب سے یہ پابندی رواں سال ہونے والے حج کے انتظامات کے سلسلے میں لگائی گئی ہے۔ خیال رہےکہ سعودی قوانین کے تحت حج کے ایام میں کسی بھی سعودی شہری یا وہاں مقیم غیر ملکی کو بغیر اجازت نامے کے مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ محکمہ امن عامہ نے تاکید کی ہے کہ جو سعودی شہری یاغیر ملکی اس سال فریضہ حج ادا کرنے کے خواہشمند ہیں وہ معروف طریقے کے مطابق اجازت نامہ حاصل کریں۔